Saturday 2 November 2013

آلکسی

2 comments
سستی اور انسان کا دوستانہ کتنا پرانا ہے۔ اس کا اندازہ لگانا ممکن نہیں۔ بعض سست دانوں کے نزدیک یہ تب سے ہے جب سے انسان وجود میں آیا۔ جبکہ بعض روایات کے مطابق تب سے ہے جب سے انسان نے کھچوا دریافت کیا۔ ان کا کہنا یہ ہے کہ پہلے سستی نہ ہوتی تھی۔ اور اگر ہوتی بھی تھی۔ تو اس کا نام کچھ اور تھا۔ تاہم کچھ قدیم کچھوؤں نے اس بات پر اپنے اعتراضات محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔ اور بوجہ سستی ریکارڈ کروانے سے قاصر ہیں۔ قدیم زبانوں میں اس کیفیت کو پوستی کیفیت سے بھی منسوب کیا گیا ہے۔ جب کہ کچھ کہ ہاں آلکسی کا لفظ مستعمل ہے۔
جوں جوں انسان نے ترقی کی۔ اس نے آلکس کو بھی ترقی دی۔ آج کے مشینی دور میں سستی اوج کمال پر پہنچی نظر آتی ہے۔ زیادہ نہیں تو تھوڑا پیچھے جا کر دیکھیں۔ جب ٹی وی چینل بدلنے کو بھی لیور گھمانا پڑتا تھا۔ بہت سے لوگ محض اس لیے بھی ایک ہی چینل دیکھتے تھے کہ کون لیور گھمائے۔ لیکن اب وہی کام ایک تیز رفتار ریموٹ سے سست سے سست آدمی بھی سکون سے کر لیتا ہے۔ جوں جوں اس ضمن میں انسان نے ترقی کی ہے۔ سستی کے معیار بھی بلند ہوگئے ہیں۔ اوراب اس منزل پر پہنچنے کے لیے سخت گیان اور تپیسیا کی ضرورت ہے۔ ہر کوئی سست نہیں کہلا سکتا۔ پرانے زمانے میں لوگ خود بتاتے تھے کہ ہم سست ہیں۔ گو کہ یہ دعویٰ کرنے والے تو آج بھی موجود ہیں۔ مگر فی زمانہ سست وہی ہے۔ جس کو اس کے گھر والے اور معاشرہ سست تسلیم کرلیں۔
یہ بات گو کہنے میں بہت آسان نظر آتی ہے کہ ہر آدمی اپنے گھر والوں سے سستی کی سند لے آئے۔ اور اپنے تئیں سست کہلائے۔ لیکن سست بھی بڑے استاد سست ہیں۔ ایک نظر میں بھانپ لیتے ہیں کہ واقعتاؐ سست ہے یا پھر سستی کا سوانگ بھر رکھا ہے۔

2 comments:

  • 3 November 2013 at 08:23

    اس میں کوئی شُبہ نہیں کہ جوں جوں سائس نے ترقی کی سُستی نے ایک قدم زیادہ ترقی کی ۔ کیا کوئی سوچ سکتا ہے کہ لوگ بائیسائکل پر 30 سے 50 کلو میٹر روزانہ روزی کمانے کیلئے سفر کرتے تھے یعنی دفتر آنے جانے کیلئے ۔ میں جب سکول میں پڑھتا تھا تو والد صاحب سال بھر کیلئے کندم کسی دوسرے شہر سے خرید لاتے ۔ ہم روزانہ اس دن تک گندم کی صفائی کرتے رہتے جب تک ساری صاف ہو کر بوریوں میں سے مٹکوں میں نہ پنچ جاتی ۔ پھر ہر 2 ہفتے بعد مین گندم کا ایک تھیلا چکی پر پسوانے کیلئے لیجتا ۔ سال اسی طرح گذرتا ۔ اسی طرح سبزی پھل خرید کر لانے کیلئے روزانہ میلوں پیدل چلتا ۔ مرچیں نمک اور دوسرے مصالحے گھروں میں پیسے جاتے

  • 11 November 2013 at 22:47

    سر ہمارے بچپن میں مدانی سے مکھن نکالا جاتا تھا۔۔۔ وہ بڑا ہی پرلطف دور تھا۔۔۔
    آپ کے وقت کے لیے صمیم قلب سے تشکر :)

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔