Monday 19 February 2018

حل

2 comments
حل
پس منظر:
چند سال قبل فارغ التحصیل طلبا کے لیے حکومت کی طرف سے مختلف شعبہ ہائے جات میں مبتدی کے طور پر بھرتی کیے جانے کی پالیسی منظر عام پر آئی تھی۔ اس میں طلبا کو ماہانہ مشاہرہ دیا جاتا اور وہ پہلے سے کام کر رہے اداروں میں اپنے متعلقہ شعبے میں ایک سال کے لیے بطور مبتدی بھرتی کیے جاتے۔ جہاں ان کو عملی طور پر رہنمائی میسر ہوتی تھی۔ گزشتہ چند سال سے یہ محسوس کیا جا رہا تھا کہ اس پالیسی میں مالی بدعنوانی بہت زیادہ ہو گئی ہے۔ مستحق طلبا کی بجائے چند مفت خورے بھی اس میں شامل ہوجاتے۔ مزید یہ بھی سننے میں آیا کہ بڑی تعداد میں "جعلی مبتدیوں" کا اندراج کیا جاتا اور یوں ایک خطیر رقم بالا بالا ہی عالم بالا کو سدھار جاتی۔ اس مالی بدعنوانی کو روکنے کے لیے قوم کے خادم نے فوری اجلاس طلب کر لیا۔


منظر:
پالیسی بنانے والے قوم کے خادم کے سامنے سر جھکائے بیٹھے ہیں۔ چند سال قبل فارغ التحصیل طلبا کے لیے مختلف شعبہ ہائے جات میں مبتدی بھرتی کرنے اور ان کو عملی ماحول سے روشناس کروانے کے لیے جو پالیسی وضع کی گئی تھی۔ اس کے متعلق بات کی جانے والی تھی۔


مکالمہ:
خادم: میرا یہ خیال ہے، بلکہ میں ایسا سمجھتا ہوں کہ ہمیں اس منصوبے کو فوراً! سے پیشتر داخل دفتر کر دینا چاہیے۔ اور اس منصوبے کو لمحہ ضائع کیے بغیر بند کر دینا چاہیے۔ غضب دیکھو! ملک و قوم کے معماروں کی بھلائی کے لیے جو منصوبہ شروع کیا تھا۔ اس میں ہی مالی بدعنوانی کی خبریں ہیں۔
ایک رکن: سر! جان کی امان پاؤں تو کچھ عرض کروں۔ اس منصوبے سے بہت سے مستحق طلبا کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔
خادم: بالکل پہنچ رہا ہے اور یہی تو اس منصوبے کی روح تھی۔ اپنی انگلی "جالبانہ" انداز میں لہراتے ہوئے۔ مگر ان مالی بدعنوانیوں کا کیا کیا جائے۔ آگے کم مسائل ہیں جو ایک نیا محاذ بھی کھول لیا جائے۔
ایک اور رکن: سر! لیکن یہ تو مسئلے کا حل نہیں۔ ہمیں ان عناصر کی سرکوبی کرنی چاہیے نہ کہ اس منصوبے کو "پنج سالہ منصوبے" میں شامل کرنا چاہیے۔
خادم: قہقہہ لگاتے ہوئے۔ لئو دسو یار! اب ہم چٹھہ صاحب کو کہیں کہ مالی بدعنوانیاں مت کریں۔ یا پھر اپنے بٹ صاحب کو اس کام سے منع کریں۔یار شرم آتی ہے یاروں سے ایسی باتیں کرتے۔ چھوڑو یار، پروگرام ہی بند کرو۔ نہ ہوگا بانس نہ بجے گی بانسری۔
اراکین مجلس بیک زباں ہو کر: واہ واہ۔ کیا دور اندیشی ہے۔
پیچھے پس منظر میں ہلکی سی دھن پر گیت چل رہا ہے۔
تو خدا کا نور ہے
عقل ہے شعور ہے
قوم تیرے ساتھ ہے
تیرے ہی وجود سے
ملک کی نجات ہے
توہےمہرِ صبح نو
تیرے بعد رات ہے



از قلم نیرنگ خیال
19 فروری 2018


2 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔