کچھ عرصہ قبل لاہور ایکسپو سینٹر میں
ایک عالمی کتاب میلے کا انعقاد ہوا۔ بدقسمتی یا خوش قسمتی سے راقم کو بھی وہاں
جانے کا اتفاق ہوا اور کافی سارے روپے ان کتابوں پر ضائع بھی کر بیٹھا۔ اللہ مجھے
ہدایت دے۔ وہیں پر ان آنکھوں نے کچھ ایسے مناظر دیکھے کہ روح سرشار اور دل باغ باغ
ہوگیا۔ داخل ہوا تو ہر طرف کتابیں ہی کتابیں اور ان کتابوں کے ساتھ سیلفیاں بناتے لوگ۔
میرا ارادہ یہ تھا کہ ایک آدھی تصویر میں بھی کھینچوں گا مگر احساس ہوا کہ یہاں
کتابوں کا نہیں سیلفیوں کا عالمی میلہ لگا ہے تو اپنے ارادے کو ترک کر دیا۔ دل کو
تسلی دی کہ کسی نہ کسی کی سیلفی میں شاید پیچھے سے گزرتا ہوا یا کھڑا میں بھی آگیا
ہوں گا۔ سو اب چنداں ضرورت نہیں رہی۔ خیر یہ قصہ نہ تو سیلفیوں کا ہے اور نہ ہی اس
عالمی میلے کی روداد لکھنا میرا مقصد۔
ہوا یوں جب میں اس
کتاب میلے سے واپس جانے کو تھا تو جناب امیر نے اپنی آمد کی اطلاع دی۔ اور پھر ان
کے ساتھ کتب سٹالز کا طواف نئے سرے سے
شروع کیا۔اس طواف کے دوران امیر صاحب ایک سٹال کے اندر گھس گئے۔ اور لگے کتابیں
اٹھا اٹھا کر دیکھنے۔ میں چونکہ پہلے ہی طواف کر چکا تھا اور اپنی دلچسپی کی کتب
خرید چکا تھا اس لیے سٹال کے سامنے کھڑا
اِدھر اُدھر دیکھ رہا تھا۔ اسی اثناء میں اس سٹال پر ایک نازک اندام اپنی
والدہ کے ہمراہ جلوہ افروز ہوئی۔ اور کتابوں کو الٹ پلٹ کر دیکھنے لگی۔ سٹال پر
سامنے ہی کشف المحجوب ایک مقدس کتاب کی طرح پلاسٹک کی تھیلی میں بند تھی۔ شاید
صاحبِ سٹال کا خیال ہو کہ گھٹن کی وجہ سے یہ کتاب یہاں سے بھاگ نہ جائے۔ ورنہ باقی
کتابوں کو اس طرح قید نہ کیا گیا تھا۔ کتاب پر واضح الفاظ میں "کشف
المحجوب" لکھا نظر آرہا تھا۔ اور نیچے "حضرت علی ہجویری رحمتہ
اللہ" جگمگا رہا تھا۔ اس لڑکی نے
کتاب کو اٹھایا اور صاحب سٹال کی طرف کرتے
ہوئے۔ کیا میں اس کو باہر نکال کر دیکھ سکتی ہوں۔ صاحبِ سٹال نے کمال فراخدلی سے
کور سے باہر نکال کر محترمہ کے آگے کی۔ محترمہ نے اپنی والدہ سے کہا۔ "عجیب
سا ہی نام ہے۔ " اور درمیان سے کھول
کر دیکھنے لگی۔ اس کی والدہ نے جواباً کچھ کہا جو راقم کی سماعتوں کو سرفراز نہ کر
سکا۔ بہرحال لڑکی نے بمشکل چند سیکنڈ کتاب دیکھی۔ اور پھرانتہائی حقارت بھرے انداز
میں کہا۔ "عجیب ہی کتاب لگ رہی ہے۔" اورواپس رکھ کر عہد حاضر کا ایک معروف تین کلوگرام وزنی ناول
اٹھا لیا۔
جوہر شناس ہر کوئی نہیں ہوتا۔۔۔!
کسی کسی کو یہ قسمت نصیب ہوتی ہے۔
آپ فکر نہ کریں ۔۔۔ ممکن ہے عمومی ادب کے مراحل طے کرکے وہ محترمہ یہاں تک بھی آ جائیں۔
جی امید پر دنیا قائم ہے۔ حوصلہ افزائی پر شکرگزارا ہوں۔