Tuesday, 15 March 2016

ایک صبح

4 comments

یہ مارگلہ ہلز کے دامن سے چوٹی کی طرف جاتا  وہ راستہ تھا، جہاں لوگ شاذ ہی قدم رکھتے ہیں۔ فطرت اپنے اصل حسن کے ساتھ موجود تھی۔  پگڈنڈی  تھی کہ  خیابان کی تفسیر تھی۔ دونوں اطراف سے درختوں نے راستے کو یوں ڈھک رکھا تھا کہ ہلکی بارش کی رسائی زمین تک ناممکن سی ہوگئی تھی۔ بل کھاتا چڑھائی چڑھتا یہ راستہ تھکا دینے والا تھا۔ لیکن جتنا وجود تھکتا تھا ذہن پر جمی گرد اتنی ہی دھلتی چلی جا رہی تھی۔ تازہ ہوا پھیپھڑوں میں اتری تھی کہ ایک بار  نظام تنفس بھی پریشان ہوگیا۔ آج کوئی مٹی کوئی گرد نہیں۔ جسم میں ایک تازگی کی لہر سے دوڑ گئی۔ اسی جوش کے زیر اثر جو میں نے تیز رفتاری دکھانے کی کوشش کی تو پاؤں کے نیچے آنے والے خزاں رسیدہ پتوں نے اس مملکت کے عام آدمی سے زیادہ شور مچا دیا تھا۔ وہ اتنی زور سے چلائے تھے کہ ایک بار تو میں نے بھی رک  کر دیکھا ، پتے ہی ہیں نا۔

کتنی بھلی لگتی ہے فطرت کی خاموشی۔کبھی  پرندوں کا چہچہانا اس خاموشی کو توڑتا تھا۔ تو کبھی کسی بھولے بھٹکے چوپائے کی  چلنے سے جھاڑیاں شور مچاتی تھیں  جیسے کسی نے انہیں  بےسبب کچی نیند سے بیدار کر دیا ہو۔ یہ خاموشی فراواں کلام کرتی ہے۔ سماعتوں کو وہ لفظ سناتی ہے جو روزمرہ کی گفتگو سے متروک ہوچکے ہیں۔ وہ خیال، وہ جذبے وہ چاہتیں جو دم توڑ چکی ہیں ان کو زندہ کرتی ہے۔

اوپر پہنچا تو ایک خوبصورت نظارہ منتظر تھا۔ نیچے عمیق وادی میں بےرحم شہر اقتدار پھیلا تھا۔ بلند و بالا عمارات چھوٹی ہو کر نشان سا رہ گئی تھیں۔  دور کہیں راول جھیل کا پانی ایک بڑے تالاب کی طرح دکھائی دے رہا تھا۔ اور مشرق سے نکلتا انڈے کی زردی جیسا سورج مجھے ناصر کاظمی کےاشعار یاد دلا رہا تھا۔ ایسے موسم میں یہ ہلکی ہلکی بارش کسی معصوم بچے کے لمس جیسی لگ رہی تھی۔ گزری رات کے سائے سمٹ چکے تھے۔  روز مرہ کی فکریں، پریشانیاں جھنجھٹ سب نیچے رہ گیا تھا۔  اوپر اگر کوئی چیز تھی تو وہ حسن تھا خالق کا۔ مالک کا۔

4 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔