Sunday, 9 November 2014

عدل زنجیری

9 comments
عدل زنجیری
(عدل و انصاف کی تاریخ، مثالوں کے جھروکوں سے)

پرانے دور کی بات ہے۔جب ملوکیت کا رواج عام تھا۔ ویسے تو آج کل بھی ملوکیت ہے۔ خاندان در خاندان حکومت چلتی ہے۔ لیکن اس دور میں خاندان بھی نہ بدلا جاتا تھا۔ اور ایک ہی خاندان حکومت میں رہتا تھا۔ ملوکیت بڑی ظالم چیز ہوتی تھی۔شہزادوں کی چالاکی اور سازباز کاامتحان ہوتی تھی۔ چاہے بادشاہت میں کسی کو دلچسپی ہو یا نہ ہو۔ لیکن بادشاہ بننا بہت ضروری ہوتا تھا کیوں کہ یہ زندگی کی ضمانت تھا۔ یہ روایت بھی تھی اور ضرورت بھی، سو کوئی بھی اس کی خلاف ورزی نہیں کرتا تھا۔ کہتے ہیں کہ ایکبار ایک شہزادے نے والد یعنی بادشاہ کے مرنے کے بعد اپنے بھائی سے بہت کہا کہ مجھے بادشاہت میں کوئی دلچسپی نہیں۔ لیکن بڑے بھائی نے کہا کہ دلچسپی ہو یا نہ ہو۔ میں پرکھو ں کی روایت سے منہ نہیں موڑ سکتا۔ اور یہ کہہ کر چھوٹے بھائی کا منہ اس کی کمر کی طرف موڑ دیا۔ جبکہ بعض روایات کے مطابق یہ کوئی سوچا سمجھا قتل نہ تھا بلکہ چھوٹا بھائی کمزور تھا۔ جب یہ بات سن کر بڑے بھائی نے خوشی سے اس کو بھینچا تو اس کی ناتواں پسلیوں نے بھی آپس میں معانقہ کر لیا۔ واللہ اعلم

ہاں تو روایت و ولایت پسندی کے اس دور میں ایک شہزادہ  تھا۔ بہت نیک، دیندار اور محنتی۔ حقوق العباد میں قرابت داروں اور والدین کے حقوق کو چھوڑ کر باقی سب پر انتہائی سختی سے عمل پیرا رہا کرتا تھا۔ بادشاہ بننے کا شوق تھا، اورچونکہ تاریخ کا یعنی اپنے ہی خاندان کا مطالعہ وسیع تھا؛ اس لیے اس بات سے بھی آشنا تھا کہ اگر لمبی عمر چاہتے ہو تو بھائیوں کی عمر مختصر کردو۔ لیکن اس کی زندگی میں ایک اور بڑا مسئلہ تھا۔ اور وہ تھا کہ اس کے باپ کے نہ مرنے کا۔ شہزادہ اس غم میں دبلا ہو رہا تھا کہ اگر باپ یوں ہی زندہ رہا تو وہ خود ضرور علیل ہو کر دنیا سے رخصت ہوجائے گا۔آخر دن رات کی عبادات رنگ لائیں اور خبر ملی کہ باپ بہت علیل ہے۔ دل غم سے اور ذہن باقی بھائیوں کے خاتمے کے متعلق منصوبوں سے بھر گیا۔ اُدھر  بڑا بھائی معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینے لگا، یہ دیکھ کر دل بھر آیا۔ اور اپنے ایک ہم نوا سے کہا کہ  دین کی سربلندی کے لئے اور بہتر امور مملکت چلانے کے لیے بھائی کو چند مشورے دینے بہت ضروری ہو گئے ہیں۔ چند احباب کے ساتھ جب بھائی کو ملنے پہنچا تو وہ کم فہم اسے کوئی سازش سمجھا اور اس کو خود پر لشکرکشی تصور کیا۔ اس غلط فہمی کی وجہ سے اس نے صفیں درست کر لیں جس کی وجہ سے مجبوراً لڑائی کا ماحول بن گیا۔ احباب کچھ زیادہ تھے سو چھوٹے بھائی کو فتح نصیب ہوگئی۔ اس چھوٹی سی لڑائی کے بعد جب دارالحکومت پہنچا  تو کیا دیکھتا ہے کہ باپ تو ابھی زندہ سلامت ہے۔ جوان بھائی موت اخترامی کا زخم ابھی تازہ تھا کہ  باپ  کی  نربل حالت دیکھ کر دل اور آزردہ  ہوگیا۔ یہ رنجور غم سے مخمور  سہہ نہ پایا۔ اور کہا کہ باپ کو آنکھوں سے دور لے جاؤ۔ موقع پرستوں نے اس کو زندان میں ڈال دیا۔ اور اس کو کہہ دیا کہ اب وہ آپ کے سامنے نہ آئے پائے گا۔ بعد میں آنے والے مؤرخوں نے اس واقعے پر بہت زبان درازی کی۔ لیکن سچ یہ ہے کہ بادشاہ کو تو معلوم بھی نہ تھا۔تاہم بعد میں جب اس کو باپ کے شغیل رکیک کی بابت علم ہوا تو موقع پرستوں کی دور اندیشی کی داد  دی۔

عوام کے حالات سے باخبر رہنے کے لیے بھیس بدل کر سفید ہاتھی پر بازاروں میں گھوما کرتا تھا۔ بادشاہ سلامت ایک دن ایسے ہی بھیس بدل کر بازار میں گھوم پھر رہے تھے کہ کیا دیکھتے ہیں۔ ایک بڑھیا زاورقطار ہنس رہی ہے۔ بادشاہ نے ماجرا پوچھا۔ تو لوگوں نے بتایا کہ اس کا بیٹا مر گیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ زاروقطار ہنستی رہتی ہے۔ معاملے کی تحقیقات کرنے پر اس لڑکے کے قتل میں چند بااثر افراد ملوث پائے گئے۔ اور مزید پتا چلا کہ بڑھیا نے بہت کوشش کی دربار تک رسائی کی۔ لیکن نہ پہنچ سکی۔ یہاں تک کہ دماغی توازن کھو بیٹھی۔ اس واقعے کا بادشاہ پر بہت اثر ہوا۔ اور اس نے سوچا کہ ایسی ترکیب سوچی جائے کہ ہر عام و خاص کی رسائی بادشاہ تک ممکن ہو سکے۔ سو تاریخ کا دوبارہ مطالعہ کرنے سے پتا چلا کہ پہلے ایک بزرگ بادشاہ گزرے ہیں۔ جنہوں نے ایک زنجیر لٹکا رکھی تھی۔ اور اس تک ہر خاص وعام کی رسائی تھی۔ لہذا زنجیر کو جدت بخشتے ہوئے اس نے ایک ساڑھے تین کلومیٹر لمبی سونے کی زنجیر بنوائی۔ جس پر اہل دربار کو گماں گزرا کہ بادشاہ بھی توازن سے گزر گیا ہے۔ آج کا دور ہوتا تو روز دو دو کڑیاں چوری چوری ہوتے ہوتے زنجیر ساڑھے تین میٹر بھی نہ رہتی۔ لیکن وہ انصاف پسند بادشاہ کا دور حکومت تھا جس میں پرندہ پر اور درندہ در تک نہیں مار سکتا تھا۔ اب معاملہ تھا اس کو بجانے کا۔ عام آدمی بجانا تو درکنار اس کو ہلانے سے بھی قاصر تھا۔ لہذا انصاف کی راہ میں ایک تین کلومیٹر زنجیر حائل ہوگئی۔ لیکن بادشاہ بڑا سیانا تھا۔ اس نے اس مسئلے کا حل یہ نکالا کہ زنجیر کو بڑے بڑے ستون بنوا کر اس کے ساتھ معلق کر دیا گیا۔  بعض غیر مستند روایات کے مطابق یہ چھوٹی چھوٹی زنجیریں تھیں۔ جو ساڑھے تین کلومیٹر کے دائرہ میں لگائی گئی تھیں۔جب بھی کوئی شخص ہلاتا۔ ناقوس بج اٹھتے۔ لیکن اس میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ کچھ منطق کے پجاری کہتے کہ اس طرح تو گھنٹیاں دن رات ہوا سے بجتی ہوں گی۔ جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ "Chimes" کا رواج اس کے بعد ہی پڑا تھا۔ لیکن وہ کہتے ہیں کہ حسن دیکھنے والی کی آنکھ، سر سننے والے کے کان اور انصاف کرنے والے کی نیت میں چھپا ہوتا ہے۔ لہذا یہاں جملہ "اعمال کا نیتوں پر دارومدار" ہی سب کا منہ بند کرنے کے لیے کافی ہے۔ بلندی کی خاص خیال رکھا گیا۔ تاکہ چھوٹے قد کے لوگ کسی احساس کمتری کا شکار ہوئے بغیر انصاف تک اپنی رسائی کو ممکن بنا سکیں۔ یہاں یہ پہلو بڑا قابل غور ہے کہ اس دور میں بچے شرارتی نہیں ہوتے تھے وگرنہ بادشاہ کا پورا دن تو گھنٹی بجانے والے کی تلاش ہی میں گزر جاتا۔مظلوم آتے اور اگر گھنٹی بجانے میں کامیاب ہوجاتے تو انصاف بھی پاتے۔ ایک دن بادشاہ سلامت محوِ استراحت تھے کہ زنجیر سے اٹھنے والا بےادب شور کسی بیگم مسلسل کی طرح بجنے لگا۔ بادشاہ سلامت فوراً بستر کو خیر آباد کہہ کر مظلوم کی داد رسی کے لیے نکل کھڑے ہوئے۔ چلتے چلتے ساڑھے تین کلومیٹر محل سے دور آگئے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ ایک بیل کے سینگوں سے زنجیر الجھی ہے۔ اور بیچارہ اس سے جان نہیں چھڑا پا رہا۔ بیل کی حالت دیکھی تو دل غم و غصے سے بھر گیا۔ جس بیل سے ایک سونے کی زنجیر نہ ٹوٹے وہ کاہے کا بیل ہوا۔ فوراً اس کے مالک کو بلا بھیجا۔ اور جانوروں کے حقوق ادا نہ کرنے پر اس کی  خوب  درگت بنوائی۔ بیل کو چارہ پانی ڈالا۔ اور واپس آگئے۔ ایک انگریز شکاری جو اس وقت وہاں شکار کے لیے آیا ہوا تھا۔  یہ دیکھ کر بہت متاثر ہوا۔ کہتے ہیں کہ جانوروں کے تحفظ کی تنظیمیں بھی اس کے بعد وجود میں آئی تھیں۔

انصاف کا یہ عالم تھا کہ شہزادوں کو بھی کوئی استثنیٰ حاصل نہ تھا۔ہر کوئی اپنے کیے کی سزا پاتا۔ایک دن بادشاہ کا بیٹا ہاتھی پر بیٹھ کر شہر کی گلیوں سے گزر رہا تھا کہ ایک چھت پر اسے ایک لڑکی نہاتی نظر آئی۔ شہزادے  نے جوانی کے نشے میں اس کو ایک پھول دے مارا۔ لڑکی نے روتے سارا ماجرا اپنے باپ کو سنایا۔ باپ بیچارہ اس زنجیر کے پاس پہنچا۔ اور ہلانے کی کوشش کرتا کرتا دہرا ہوگیا۔ آخر کار کسی صورت اس کو بجانے میں کامیاب ہوگیا۔ اور بادشاہ کے دربار تک رسائی ممکن ہوئی۔ وہاں سارا ماجرا بادشاہ کے سامنے کہا اور عرض کی۔ کہ حضور کا اقبال بلند ہو یہ حقیر اب انصاف کا طلبگار ہے۔ بادشاہ جو کہ پیکر انصاف تھا۔ اس واقعے کو سن کر گہری سوچ میں ڈوب گیا۔ درباری بھی حیران پریشان کہ یاخیر، اب کیا معاملہ ہوگا! آخر بادشاہ نے بڑی دیر بعد سر اٹھایا اور کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ آنکھ کے بدلے آنکھ اور کان کے بدلے کان۔ لہذا اس معاملے کا فیصلہ بھی انصاف اور قصاص کے تمام تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔ شہزادہ  اب اسی چھت پر نہائے گا۔ اور لڑکی ہاتھی پر بیٹھ کر وہاں سے گزرے گی۔ اور نہاتے شہزادے کو پھول مارے گی۔ عدل وانصاف کا یہ منظر دیکھ کر اس آدمی کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔ اور اس نے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ  میں بدلہ لینے سے انکار کرتا ہوں۔ بادشاہ نے اس پر اس کو انعام و کرام سے نواز کر رخصت کیا۔

متعصب مؤرخین نے اس واقعے کو بہت بڑھا چڑھا کر بیان کیا۔ جب کہ حقیقت میں فیصلہ صرف انصاف کے اصولوں کو سامنے رکھ کر کیا گیا تھا۔

اخلاقی سبق: ہمیشہ انصاف کرنا ہر مسئلے کا حل نہیں ہوتا۔

9 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔