Tuesday, 27 November 2012

چل بئی کاکا سیٹ اگے کر

0 comments
پاکستان میں شہر سے شہر سفر کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ میری معلومات میں بسیں ہیں۔ کیوں کہ ٹرین کا نظام تو پورس کے ہاتھی کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ خیر موضوع کا تعلق نہ تو ٹرین سے ہے اور نہ ہی بس سے اور نہ انکے ناگفتہ بہہ حالات سے۔احقر گذشتہ بارہ سال سے ان بسوں کی خاک چاٹنے میں خاک ہو رہا ہے۔ بہاولپور، لاہور اور اسلام آباد سے اپنے آبائی شہر کا سفر ہو یا واپسی کا، جو قدر مجھے مشترک نظر آتی ہے وہ نہ تو سفر کرتے لوگ ہیں اور نہ انکے آداب سفر؛ بلکہ وہ ہے سفر کا سحر توڑتی اک خوبصورت اور مترنم آواز
چل بئی کاکا سیٹ اگے کر
یہ آواز آپکو ہر طرح کے لہجے میں سننے کو ملے گی کہیں انکساری سے بھرپور لہجہ میں
جناب سنیئے اگر زحمت نہ ہو تو سیٹ تھوڑی آگے کیطرف سرکا لیجیئے
اب اگر آپنے اس آواز سے اختلاف کی کوشش کی تو نتائج کے آپ خود ذمہ دار ہونگے۔ کہ کب یہ انکساری کا لبادہ اتار کر آپکو اپنی خاندانی رموز سے آگاہی دینا شروع کر دے۔ اور آپکی مضمحل طبیعت اس اخلاقیات کے بوجھ کی تاب نہ لاسکے۔ کہیں پر یہ آواز آپکو یوں سنائی دے گی کہ
آپ سیٹ آگے کرتے ہیں اپنی
گویا اگر آپنے سیٹ آگے نہ کی جو کہ آپکا فرض عین ہے تو یہ محترم آپکو سیٹ سمیت اٹھا کر بس سے باہر پھینک دیں گے، تاہم یہ تاثر انکی زبان سے زیادہ انکی جسمانی زبان سے ظاہر ہوتا ہے۔ اب آپ سیٹ تو آگے کریں گے ہی پر اگرکبھی پلٹ کر دیکھنے کا اتفاق ہو تو یہ صاحب اپنی سیٹ پیچھے والے کی گود میں لٹا کر لیٹے ہونگے۔ اور وہ بخت برگشتہ بھی اگر اسی خواہش کا اظہار کر بیٹھے تو سیٹ پیچھے کرنے کے حق میں موصوف کی تصریحات سننے لائق ہوتی ہیں۔ مگر وہ ہٹ دھرم اگر اپنی اس فرمائش پر مصر رہے تو یہ صاحب آپ ہی کو مخاطب کر کے کہیں گے کیسے کیسے جاہل لوگ آجاتے ہیں سفر کرنے۔ اب بھلا کوئی تیرہ گھنٹے گوتم بدھ کیطرح بیٹھا رہ سکتا ہے؟ اور آپکی طرف ایسی تائید طلب نظروں سے دیکھیں گے کہ وہ پانچ منٹ پہلے والا جاہل یہ نہ تھے کوئی اور تھا۔ اور آپ گوتم بدھا کے آسن میں جوگی کا روپ دھارے اپنا متیرے جیسا سر ہلاتے رہیں گے۔

کچھ لوگ آپکی معلومات میں اضافہ بھی کریں گےکہ
دیکھیئے جناب میں تنگ ہو رہا ہوں اب آپ کو سیٹ آگے کرنا ہی پڑے گی۔
اور آپ ان احکامات نما معلومات کے آگے سر تسلیم خم کرتے بقیہ سفر جناب بدھا کے آسن میں کرتے نظر آئیں گے۔ یوں بھی کمر سیدھی کر کے بیٹھنا اگرونومکس کی تعلیمات کے عین مطابق ہے۔ میرا آپکو مشورہ یہی ہے کہ سفر سے پہلے آپکو یوگا کے آدھے اور پورے کنول کے آسن پر مکمل عبور ہونا چاہیئے۔
اک دفعہ میرے پیچھے بیٹھے بزرگ نے حکم نما عرضی میرے گوش گزاری کے جناب سفر یوں کٹتا نظر نہیں آتا۔ آپکی مدد درکار ہے۔ میں فورا بزرگوار کی نیت خوشگوار بھانپ گیا اور دست بستہ عرض کی کہ آپ میری سیٹ پر تشریف لے آئیے سفر بھلا کٹے گا۔ وہ سادہ منش آدمی میری اس قبیح پیشکش کی تہہ تک نہ پہنچ پایا اوراندرونی مسرت کو چھپاتے ہوئےچہرے پر اک زبردستی کی انکساری لاتے ہوئے مجھے کہنے لگا ناحق آپکو تکلیف ہوگی۔ میں نے عرض کی قبلہ تکلیف کیسی؟ اب جب سرکار کرسی پر پدھار چکے اور سیٹ کو عزت سے نوازنے کیبعد ضعف کمر کے باعث ذرا دراز ہونے لگے تو میں نے دست بستہ عرض کی کہ کچھ یاد بھی ہے یہ قول کسکا تھا؟ اب تو وہ صاحب بہت جزبز ہوئے اور خشمگیں نگاہوں سے مجھے گردن گھما کر دیکھتے ہوئے بولے۔ اماں تو یہ چال تھی آپکی! میں شرمندگی سے بولا جناب گستاخی معاف سہواً ایسا ہو گیا۔ بقیہ مسافر خوب محظوظ ہوئے ۔ اک اور نے اس منظر سے عبرت پکڑی اور اپنی فرمائش سے دستبردار ہوا اور اسکے آگے والا بلاوجہ میرا شکرگزار ہوا۔ اسکے بعد تو یہ حربہ بہتوں پر آزمایا اور ہمیشہ اکسیری پایا۔
اب چونکہ ہر کہانی کا اک اخلاقی سبق ہوتا ہے اور یہ کالم نما کہانی بناء اخلاقی سبق کے ختم ہو گئی تو قارئین پر اچھا اثر نہ پڑے گا۔ اسلیئے اخلاقی سبق پیش ہےکہ آپکو ذہن فطین پر زور نہ دینا پڑے۔
اخلاقی سبق: ہر اک کو چاہیئے کہ دوسرے کا خیال رکھے۔ نہ تو پیرو کا ایمان السفرسقر کے مقولے پر کامل کرنے کی کوشش کرے اور نہ پیشرو کی دم پر اسقدر پاوں رکھیئے کہ وہ سفر سے اوازار نظر آئے۔
نوٹ: اخلاقی سبق پر عملدرآمدی کی صورت میں نتائج کا راقم ذمہ دار نہیں کیونکہ عین ممکن ہے مشار الیہ نے یہ اخلاقی سبق نہ پڑھ رکھا ہو۔

نوآموز ہونے کے سبب اگر کچھ خامیاں اور کوتاہیاں ہو گئیں ہوں تو درگذر فرمایئے گا۔ اور گر کوئی دوست دوران سفر اس قسم کی حرکتیں کرنے کا عادی ہو تو اس سے پیشگی معذرت

ذرائع ابلاغ کا عدل جہانگیری

1 comments
پاکستانی میڈیا کا کردار گذشتہ چند ہفتوں میں جسقدر موضوع سخن رہا ہے شائد اتنا تو کسی کا محبوب بھی اسکی یادوں کا محور نہ رہا ہوگا۔ اب اسکا کردار مثبت رہا یا منفی اسکا فیصلہ تو آپ کے ہاتھ میں ہے مگر در حقیقت یہ منٹو کے قول کی تصویر نظر آتا ہے کہ میں تہذیب و شرافت میں لپٹی اس قوم کی چولی کیا اتاروں گا جو پہلے ہی ننگی ہے۔ منٹو آج زندہ ہوتے تو شائد شدت احساس سے ہی ریزہ ریزہ ہو جاتے۔ چند دن پہلے اپنے اس باضمیر ذرائع ابلاغ کا اک ایسا کارہائے نمایاں نظروں سے گزرا کے دل خوشی کے مارے پہلو سے نکلا ہی چاہتا تھا۔ ہاتھ سے دبا کر دوبارہ سینے میں واپس بھیجا کہ بھائی ابھی باہر کا موسم تجھے راس نہ آئے گا۔ مگر قلقاریاں تھیں کہ تھمنے میں نہ تھیں، کہ دیکھو چوربازاری اور ٹھگی بازی کے اس دور میں کوئی تو ایسا ہے جو عوام الناس کے درد کو دل میں سموئے ہوئے ہے، جس کی راتیں اس فکر میں غلطاں ہیں کہ کس طرح سے مہنگائی اور لٹیروں کے ہاتھوں خواب پروتی اس قوم کو اسکا حق دلایا جائے۔ اور ان تمام عناصر کی بازپرس کی جائے جو ان کے موجودہ حالات کے ذمہ دار ہیں۔
ہمیشہ کی طرح اک محب الوطن چینل نے قتیل شفائی کے مصرعہ کی مثل
کھلا ہے جھوٹ کا بازار ، آؤ سچ بولیں
اس مشکل کام کا بیڑا اٹھایا اور آغاز کیا ماہ مقدس میں پھل اور سبزیوں کی قیمت بڑھانے والے ملک دشمن عناصر کے احتساب کا۔ احترام صیام سے چُور، چہروں پر نور، خدمت کے جذبے سے معمور یہ ٹیم پولیس کو ہمراہ لیئے جب ان لٹیروں سے حساب کرنے نکلی تو پہلے قدم پر ہی اک مجرم کو پکڑ لیا۔ ظالم حکومت کے مقرر کردہ نرخوں سے ۶ روپے مہنگا آم بیچ رہا تھا۔ جی ھاں جناب! ۶روپے کھا رہا تھا وہ ظالم۔ اور وہ ظالم تھا فضلو پھل فروش۔ اور جب کیمرے کی آنکھ کے سامنے اس من مانی کی وجہ پوچھی گئی تو شہر کے معزز آڑھتیوں کو مورد الزام ٹھہرانے لگا۔ لو دسو یار اپنے حاجی صاحب ایسا کام کر سکتے ہیں بھلا؟ اک نوجوان نے جذبہ کیمرالوطنی سے معمور ہو کر لقمہ دیا کہ اسی طرح لوٹ مار کر کے اسنے اپنی ریڑھی بھی ذاتی بنا لی ہے۔ بس جرم ثابت ہو چکا تھا۔ مجرم کے پاس جائے فرار کا کوئی راستہ نہ تھا۔ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مجسٹریٹ صاحب نے فورا مجرم کو موقع پر سزا سنائی۔ تمام ریڑھی پر لدا مال ضبط کر لیا گیا۔ اور اس لٹیرے کو بھاری جرمانہ لگا دیا گیا۔ جو اسنے لوٹ کے مال سے ادا کرنا تھا۔ آپکی اور میری محافظ پولیس نے اٹھا کر اسے اپنا ہمرکاب کیا تا کہ بقیہ سزا اسے مہمان خانہ لے جا کر دی جائے۔ عدل جہانگیری کا یہ منظر دیکھ کر آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس عظیم ہستی کے رخسار مبارک پر ایسا بوسہ عقیدت دینے کا دل کیا جسکا نشاں مدتوں انکے گال پر رہے۔ مگر ذہن کی حکمت آڑے آگئی اور دل و دماغ کی اس جنگ میں فتح دماغ کی ہوئی۔
اس دن نجانے کتنے شیدے، فضلو اور بالے کو جرمانے عائد کیئے گئے۔ کچھ معترضین کو انصاف کا یہ رنگ نہ بھایا، کہنے لگے کہ سارا ضبط شدہ مال یہ خود افطار میں اڑائیں گے اور کچھ معصوم استفسار کرنے لگے کے کیا یہ اب بڑے بڑے ذخیرہ اندوزوں کیطرف بھی جائیں گے اور انکے ساتھ بھی یہی معاملہ ہوگا۔ تو احقر نے اپنی ناقص رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ بالکل انکے ساتھ بھی یہی معاملہ ہوگا پر کیا ہے نہ ،آج یہ گروہ خوارزمی بہت تھک گیا ہے۔ تو وہ والا کام انشاءاللہ کسی اور دن انجام پائے گا۔ اب اک ہی دن تو نہیں نہ سارے لٹیروں پر ہاتھ ڈالا جا سکتا۔ لوگ بھی بس صبر سے کام نہیں لیتے۔ آپ انکے بھلے کے لیئے بیشک الٹے لٹک جاؤ مگر یہ نقطہ چینی کا کوئی نہ کوئی پہلو نکال ہی لیں گے۔ اب آپ خود فیصلہ کیجیئے کہ لوگ میڈیا اس نیک کام کو بھی برائی پر محمول کرتے ہیں اور بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالنے کو کہتے ہیں۔ انکی تمنا ہے کہ سب کو اک جیسی سزا دی جائے۔ پتہ نہیں قرون اولی کے کس دور سے تعلق رکھتے ہیں۔

ماہ صیام اور عہد حاضر کا مسلماں

0 comments
ماہ صیام کا پہلا عشرہ رواں دواں ہے. رحمتوں اور برکتوں سے سرشار یہ مہینہ عہد رواں کے دھونے دھونے آ پہنچا ہے. الله سبحان و تعالیٰ کی رحمت جوش میں ہے اور اک استدعا پر مخلوق کے گناہ معاف کرنے کا اعلان کر رکھا ہے. لاکھوں لوگ جو اس ماہ مبارک کے احترام میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے اسکی برکات و فیوض سے ہمہ وقت فیضیاب ہونگے. اور مجھ جیسے کوتاہ بیں نیکیوں کے اس میلے میں کچھ کمائی کرنے کی بجائے ہر بات پر مغفرت الہی کے طالب بنکر گناہوں کی دلدل میں ڈوبتے چلے جایئں گے. حیات اور وقت الله سبحان و تعالیٰ کے عطا کردہ خزینوں میں سے ہیں. وقت معلوم سے بےفکر لوگ اس بات کے ادراک کرنے سے قاصر ہیں کہ وقت کے پنچھی کی ہر اڑان کے ساتھ زندگی کا پنچھی اپنے انجام کی طرف گامزن ہے. اسی کج فہمی و کم علمی میں عمل سے دور مغرب کی رنگین زندگی سے مقابلہ کرنے والے وقت معلوم کی گرفت میں آ کر دنیا و آخرت میں رسوائی کے حقدار ٹھرائے جاتے ہیں. جبکہ فکر کی دولت سے مالا مال لوگ وقت کے پنچھی کی سمت کا تعین کرنے کیبعد زندگی کو احکامات الہی میں ڈھال کر نہ صرف دنیا میں رحمتوں اور نعمتوں سے استفادہ حاصل کرتے ہیں بلکے آخرت میں بھی سرخروئی اور کامرانی انہیں کے حصے میں آتی ہے. اور یہی لوگ حقیقت میں اس ماہ صیام کی قدرومنزلت سے آگاہ ہیں اور اس کے فیوض و برکات سے مکمل فیض اٹھاتے ہیں
رمضان عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی جلا دینے کے ہیں. یعنی گناہوں کو جلا کر خاکستر کر دینے والا مہینہ. اگر میں ایام طفلی کیطرف ایک طائرانہ نگاہ ڈالوں تو میں محسوس کرتا ہوں کہ عہد حاضر احترام رمضان سے خالی نظر آتا ہے. اس دور میں گھر میں خواتین عبادات میں مصروف نظر آتی تھیں. گھر کے بزرگ پرنور چہرے لیے مساجد کی زینت بنے نظر آتے تھے. آغاز رمضان سے ہی یہ احساس دل میں جاگزیں ہوتا تھا کہ فیوض و برکات کو لوٹنے کا وقت آنپہنچا ہے. ذھن کے گوشوں میں صرف یہی بات رقصاں رہتی تھی کہ اس رمضان میں تو پچھلے سارے گناہ معاف کروا لینے میں کامیاب ہو جاؤں گا. پتہ نہیں ماحول کا اثر تھا یا والدین کی تربیت کا نتیجہ کہ لگتا تھا ادھر گناہ کیا تو پکڑ ہو جائے گی. اور نیکی کروں گا تو میرے چہرے سے چھلکتی پھرے گی مگرذرا نیرنگی زمانہ ملاحظہ کیجیے الله کا یہ رحمت اور مغفرت سے سرشار مہینہ رواں دواں ہے مگر کمال ہے جو کوئی آنکھ نم نظر آے. کوئی دل ہو جو دہشت سے لرزتا دکھائی دے. کوئی وجود نیکی کے سمندر میں غوطہ زن ہو. میں یہ نہیں کہتا کہ نیک لوگ اس جہاں سے اٹھ گئے ہیں مگر میری آنکھوں پر ہی ایسی پٹی بندھ گئی ہے کہ جو دیکھتا ہوں گدلا نظر آتا ہے. جن لوگوں سے دین کی محفل سجنے کی امید تھی وہ لہو و لعب میں ڈوبے ہیں. لغویات کی محفلیں برسرعام سجی ہیں. جہاں لوگ دوران روزہ قرات قرآن پر جھوما کرتے تھے اب اپنے پسندیدہ ٹی-وی سیزن سے دل بہلانے میں مشغول ہیں. گویا روزہ صرف ایک بھوک اور پیاس کا نام ہے جو دل و زبان اور نظر و ذھن کی عبادت سے خالی ہے. وہ خواتین جو گھر میں نور کا مرکز تھیں. جنکے اعمال و انداز اپنے اندر نیکی کی دنیا سموے ہوتے تھے یکم رمضان سے لے کر آخر تک عید کی تیاری میں مصروف رہتی ہیں. بہت زیادہ کیا تو اپنے بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہو گیئں. ان تمام چیزوں سے احساس تھکن اس قدر بڑھ جاتا کہ عبادت کے لیے سر اٹھانے کی ہمت نہیں رہتی. ادھر نوجوان طبقے کا یہ عالم ہے کہ
ہم کوئے مغاں میں تھے، ماہ رمضان آیا
صد شکر کہ مستی میں جانا، نہ کہاں آیا
ان لوگوں کی خوشنصیبی پر رشک آتا ہے جو سنت نبوی پر عمل پیرا ہو کر اس رمضان کی برکات کو دونوں ہاتھوں سے لوٹیں گے اور تمام گناہوں کو جلا کر خاکستر کر دیں گے. اللہ کی نعمتوں سے ہمہ وقت مستفید ہونگے. اور ادھر میرے جیسے دنیا کو دل میں بسائے تاریکی کی دلدل میں دھنسے گستاخی رمضان کے مرتکب ہو کر اپنی اک دو نیکیاں بھی جلا بیٹھیں گے. 
راس آنے لگی دنیا تو یہ دل نے کہا
جا اب تجھے درد کی دولت نہیں ملنے والی
وقت معلوم کی دہشت سے لرزتا ہوا دل
ڈوبا جاتا ہے کہ اب مہلت نہیں ملنے والی
ضرورت اس امر کی ہے کہ دین و ایماں اور احترام رمضان کی وہ تڑپ وہ محبت جو کردہ و ناکردہ گناہوں کے سبب ہم گنوا بیٹھے ہیں. اس میراث اس دولت کو تلاشا جائے. دل میں وہ درد از سرے نو بسایا جائے جس سے ہم حق رمضان کما حقہ ادا کر سکیں.

نوٹ: یہ تحریر رمضان المبارک ۱۴۳۳ ھ میں تحریر کی تھی میں نے۔ بلاگ اب بنایا تو ادھر شامل کر دی۔ :)

مکالمہ: بجلی کی فراہمی میں تعطل

5 comments
سنا ہے کہ صدر صاحب نے نوٹس لے لیا ہے۔
ہائیں! مگر کس چیز کا؟
واہ جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے، تمہاری اشک شوئی کیلئے بجلی کی فراہمی میں تعطل کا اور کس چیز کا!!
شجرۃ حقیقت سے بھی آگاہی دیجئے؟ فرمایا کیا ہے جناب صدر نے!
فرماتے ہیں کہ اوئے یہ بجلی کی فراہمی میں تعطل کا کیا سلسلہ ہے؟ اجلاس بلاؤ
پھر بلایا اجلاس؟
تو اور نہ بلاتے کیا؟ اک لحظہ دیری میں لائن حاضرہو گئے سب اور کرنے لگے اپنی اپنی تاویلات پیش، مگر قربان جاؤں اپنے قائم العزم صدر گرامی کی حس ممیز کے، فرماتے ہیں کہ تم لوگوں کی سب صراحتیں بیکار ہیں۔ میرے علم میں آئندہ اس ماہ مقدس میں خاص کر سحروافطار میں برقی ترسیل میں تعطل نہ آنے پائے۔ وگرنہ!!! اور فقرہ ادھورہ چھوڑ دیا۔ نہ پوچھ اس ادائے کافری پر بسمل کیسے تڑپے ہیں۔
اچھا تو پیش رفت کیا ہوئی اس ضمن میں؟ حقیقت الامر بھی تو بیاں ہو نہ سرکار!
لے کیسی بات کی! عملدرآمدی میں تاخیر کی جرات کسے ہے۔ آج صبح سحری سے بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے۔